سچ خبریں:سعودی الاخباریہ نیٹ ورک نے ایک باخبر ذریعے سے اطلاع دی ہے کہ ریاض اور دمشق کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے حکام قونصلر خدمات کی بحالی کے بارے میں مشورت کر رہے ہیں۔
کل روئٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شام اور سعودی عرب کی حکومتوں نے حال ہی میں 2011 میں سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے بعد اپنے دارالحکومتوں میں سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے اسپوٹنک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں باخبر ذرائع نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے بعد دمشق میں اپنا قونصل خانہ دوبارہ کھولنے پر غور کر رہا ہے۔ ان باخبر ذرائع کے مطابق روسی اور اماراتی ثالثی سے دونوں عرب ممالک کے درمیان حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں اور عین ممکن ہے کہ دمشق میں سعودی قونصل خانہ عید الفطر کے بعد دوبارہ کھل جائے گا۔
ان ذرائع نے مزید کہا کہ اس سمت میں بین الاقوامی اور عرب کوششوں کے بعد شام اور سعودی عرب کے درمیان سرکاری سفارت کاری کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
مذکورہ ذرائع نے تاکید کی کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کے بعد روس اور متحدہ عرب امارات کی بند دروازوں کے پیچھے کی گئی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہیں اور سعودی عرب اور شام کے درمیان ہم آہنگی کا باعث بنی ہیں۔