سچ خبریں:سعودی اتحاد نے شمالی یمن میں مواصلات اور ٹیلی کمیونیکیشن کے بنیادی ڈھانچے پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، اس بار شمالی یمن کے جنوبی شہر صعدہ میں مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے منگل کی رات ایک بار پھر یمن کے سرحدی صوبے صعدہ میں ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا،رپورٹ کے مطابق جارح اتحاد کے جنگی طیاروں نے گزشتہ رات سرحدی شہر رازح کے علاقے بنی معین کے مواصلاتی نیٹ ورک پر دو بار بمباری کی۔
واضح رہے کہ سعودی اتحاد نے منگل کو صعدہ میں العابدین نیٹ ورک کو بھی آٹھ بار نشانہ بنایا جبکہ اس اتحاد نے اتوار کی صبح صعدہ اور عمران کے اہم صوبوں کے ٹاورز اور ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس پر بھی بمباری کی۔
یادرہے کہ سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان، قطر اور امریکہ کے ساتھ مل کر چھ سال قبل ایک نام نہاد عرب امریکی اتحاد تشکیل دے کر یمن کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا جس میں اس ملک کے بنیادی ڈھانچہ کے تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہزاروں بے گناہ افراد کی جانیں جا چکی ہیں جن میں ایک بڑی تعداد خواتین اور معصوم بچوں کی بھی ہے، اگرچہ اس وقت متحدہ عرب امارات، بحرین اور امریکہ کے علاوہ باقی سب اتحاد الگ ہو چکے ہیں۔