سچ خبریں:بھارت کے دارالحکومت دہلی کے جنوبی علاقے میں ہندوؤں کے نوراتری تہوار کے موقع پر گوشت کی دکانیں بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ہندوستان میں نوراتری کا تہوار منایا جا رہا ہے جبکہ اس ملک کے دارالحکومت دہلی میں نوراتری کو لے کر سیاسی ہلچل مچ گئی ہے،جنوبی دہلی کے میئر مکیش سوریان نے نوراتری کے موقع پر مندروں کے قریب گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کو 11 اپریل تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔
ایس ڈی ایم سی کے میئر نے کمشنر کو خط لکھ کر اس سلسلے میں ہدایات دی ہیں،انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ نوراتری 11 اپریل تک ہے جس کے دوران عقیدت مند دیوی درگا کی پوجا کرتے ہیں اور اپنے اور اپنے خاندان کے لیے ماں سے آشیرواد حاصل کرنے کے لیے مندر جاتے ہیں اس لئےمندر کے آس پاس گوشت کی فروخت سے عقیدت مندوں کو تکلیف ہوتی ہے اور ان کے مذہبی جذبات اور عقائد متاثر ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے اس خط پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ مودی بڑے صنعت کاروں کے لیے کاروبار کرنے میں آسانی اور نظریاتی کارکنوں کے لیے کاروبار کرنے میں آسانی چاہتے ہیں۔ کون اس کی تلافی کرے گا؟ گوشت ناپاک نہیں ہے، یہ صرف لہسن یا پیاز جیسا بھوجن ہے۔