سچ خبریں:کابل میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے لو ڈوپنگ نے گزشتہ بدھ کے "پکتیکا” اور "خوست” کے زلزلوں کے متاثرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ افغانستان کی صورتحال فوری ہے اور عالمی برادری کو اس ملک کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
افغانستان کی جمہور نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس ملک کے دار الحکومت کابل میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے پکتیکا اور خوست میں گزشتہ ہفتے کے زلزلہ متاثرین کی حالت کا جائزہ لیا،لو ڈوپنگ نے متاثرین سے ملاقات کے بعد کہا کہ زلزلہ افغان عوام کو درپیش بہت سے خطرات کی ایک اور افسوسناک یاد دہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ایک اور ہنگامی حالت نہیں بننا چاہیے جسے عالمی برادری بھول جائے،مارچ 2021 میں کابل میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے کی حیثیت سے تعینات ہونے والے لو ڈوپنگ نے نامہ نگاروں کے ساتھ ایک انٹرویو میں زور دیا کہ پکتیکا اور خوست میں حالیہ زلزلے کے متاثرین کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آنے والے دنوں میں دبئی میں عالمی ادارہ صحت کے ہیڈ کوارٹر سے طبی آلات کی ایک اضافی کھیپ افغانستان پہنچے گی، تاہم یہ کافی نہیں ہے کیونکہ یہاں اس سے کہیں زیادہ ضروت ہے جس کے لیے عالمی برادری کو میدان میں آنا ہوگا۔