سچ خبریں:شمالی کوریا کے رہنما کی سینئر مشیر کا کہنا ہے کہ ان ملک کے بارے میں امریکی صدر کا حالیہ بیان بالکل بے معنی ہے۔
ٹاس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی حکمران جماعت کی مرکزی کمیٹی کی نائب اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی سینئر مشیر کم یوجونگ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں پر شمالی کوریا کے جوہری حملے کا مطلب پیانگ یانگ حکومت کا خاتمہ ہوگا جو بالکل بے معنی ہے۔
شمالی کوریا کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم یوجونگ نے کہا کہ جس چیز کو ہم نظر انداز نہیں کر سکتے وہ یہ ہے کہ دشمن حکومت کے ایگزیکٹو سربراہ نے سرکاری طور پر اور کھلے عام نیز لوگوں کے سامنے حکومت کے خاتمہ کا لفظ استعمال کیا ہے۔
یہ الفاظ ایک ایسے شخص کی طرف سے کہے گئے ہیں جو کسی بھی طرح امریکہ کی سلامتی اور مستقبل کا ذمہ دار ہونے کے قابل نہیں ہے،ایک ایسا بوڑھا آدمی جس کا کوئی مستقبل نہیں جو اپنی صدارت کے باقی دو سال مشکل سے پورے کر پائےگا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے حال ہی میں واشنگٹن میں جنوبی کوریا کے صدر یون سیوک یول کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ امریکہ ، اس کے اتحادیوں یا شراکت داروں پر شمالی کوریا کا جوہری حملہ پیانگ یانگ میں حکمران حکومت کے خاتمے کا باعث بنے گا۔