مقبوضہ بیت المقدس (سچ خبریں) فلسطینی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی دہشت گرد فوج نے جاری سال میں اب تک 1900 فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں اسرائیلی فوج کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر جاری کریک ڈاؤن کے دوران گذشتہ ایک سال کے دوران 1900 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ گرفتاریاں غزہ پر اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے دوران اور باب العامود میں ہونے والی تحریک کے دوران کی گئیں۔
کلب برائے اسیران کے مطابق اسرائیلی فوج نے سیکڑوں ایسے بچوں کو حراست میں لیا جن کی عمریں 18 سال سےکم تھیں۔
مئی کے دوران اسرائیلی حکومت نے فلسطینی اسیران کی ہیلتھ انشورنس ختم کرنے کا اعلان کیا، ان اسیران میں امیر زغیر، رامی برکہ، محمد ارناؤط، عمر زغیر اور 12 دوسرے اسیران شامل ہیں، گرفتار کیے جانے والے 53 فلسطینیوں کو 25 سال سے زاید عمر کی سزائیں دی گئیں، جبکہ بعض افراد کو سینکڑوں سال کی قید کی سزائیں دی گئی ہیں اور ان میں سے کچھ افراد ایسے ہیں جو 20 سال سے اسرائیلی قید میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت تقریبا، 4،400 فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں جن میں سے تقریبا 600 کو سخت سزائیں دی گئی ہیں اور 425 عارضی حراست میں ہیں جبکہ قیدیوں میں 200 بچے اور 38 خواتین بھی شامل ہیں۔