ماسکو (سچ خبریں) اگرچہ روس اور امریکا کے مابین شدید اختلافات اور دشمنی پائی جاتی ہے لیکن روسی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے امریکا کو اہم پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افغانستان پر نگاہ رکھنے کے لیے امریکا کو اپنے اڈے دینے کے لیئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق روسی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کو جون میں افغانستان پر نگاہ رکھنے کے لیے وسطی ایشیاء میں موجود اپنے اڈے دینے کی پیش کش کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سرد مہری پر مبنی تعلقات کے دوران ماسکو کی جانب سے واشنگٹن کو یہ غیر متوقع پیشکش صدر پیوٹن نے 16 جون کو جنیوا میں بائیڈن سے ملاقات کے دوران کی۔
روسی اخبار کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے جن روسی اڈوں کے بارے میں امریکی صدر جو بائیڈن سے بات کی وہ تاجکستان اور کرغزستان میں موجود ہیں، اس حوالے سے اخبار کا دعویٰ ہے کہ امریکا نے روسی پیش کش کا کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا۔