ممبئی (سچ خبریں)عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار 9 دن میں وبا سے صحتیاب ہوگئے۔اکشے کمار میں 4 اپریل کو کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں 5 اپریل کو احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اکشے کمار کی اہلیہ اور اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے اداکار کے کورونا سے صحتیاب ہونے کی تصدیق کی۔ٹوئنکل کھنہ نے بتایا کہ اکشے کمار کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور وہ ہسپتال سے بھی ڈسچارج ہوگئے ہیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک اینیمیٹڈ تصویر شیئر کی جس میں ٹوئنکل کھنہ اور اکشے کمار ساتھ کھڑے ہیں اور ٹوئنکل کھنہ نے اپنے ہاتھ میں کتاب پکڑی ہوئی ہے جس پر ان کا قلمی نام، مسز فنی بونز درج ہے۔مذکورہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ٹوئنکل کھنہ نے کہا کہ وہ اکشے کمار کے ہسپتال سے واپس آنے پر خوش ہیں۔
خیال رہے کہ اکشے کمار میں 4 اپریل کو کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں 5 اپریل کو احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔اکشے کمار نے 4 اپریل کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا۔
اداکار نے بتایا تھا کہ ان میں کورونا کی زیادہ علامات نہیں ہیں اور انہوں نے ماہرین صحت کے مشورے پر کچھ ادویات بھی لی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔بعدازاں 5 اپریل کی صبح کو اداکار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر انہوں نے ڈاکٹرز کے مشورے پر خود کو ہسپتال منتقل کردیا۔
اداکار نے اُمید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر گھر لوٹیں گے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ہسپتال داخل کرایا ہے۔علاوہ ازیں اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے والی ٹیم کے 45 ارکان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔