سچ خبریں:اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اپنے ہم منصب روسی صدر کی دعوت پر روس کے دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی روس کے صدر ولادیمیر پوتین کی دعوت پرایک اعلی وفد کے ہمراہ ماسکو پہنچ گئے ہیں، واضح رہے کہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اس سفر میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، علاقائی امور اور عالمی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔
یادرہے کہ رئیسی کے دورہ ماسکو کے دوران ایران اور روس کے درمیان، اقتصادی، تجارتی ، سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے بارے میں بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے،قابل ذکر ہے کہ ایرانی صدر جمعرات کے دن روس کی ڈوما کے نمائندوں کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے ، اس کے علاوہ سید ابراہیم رئیسی روس میں مقیم ایرانی شہریوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ ، وزیر تیل اور وزیر خزانہ اس سفر میں ایرانی صدر کی ہمراہی کررہے ہیں،یادرہے کہ ایرانی صدرکا دورہ ماسکو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔