سرینگر (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اپنی ہٹ دھرمی اور دہشت گردی سے باز آجانا چاہیئے کیونکہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق اقوام متحدہ نے دیا ہے جسء حاصل کیئے بغیر وہ بالکل بھی چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا تعین کرنے کا حق رکھتے ہیں جن پر بھارت نے بھی دستخط کر رکھے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس یہ پختہ یقین رکھتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے ایک فریق کے طور پر پاکستان نے ہمیشہ اس دیرینہ تنازعے کے پرامن حل کیلئے مخلصانہ کوششیں کی ہیں لیکن بدقسمتی سے بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسئلے کے پر امن حل کا دروازہ ہمیشہ بند رہا۔
انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس بھار ت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اقدامات کا بغور مشاہدہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے کشمیریوں کو بنیادی فریق کی حیثیت سے ان میں شامل کرنا لازمی ہے، غلام احمد گلزار نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماحول کو سازگار بنایا جائے جس کی تمام ترذمہ دار ی بھارت پر عائد ہو تی ہے۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت سلب کیے جانے کی5اگست 2019کے بھارتی اقدام کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں پائی جانے والی ابتر صورتحال پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنے ناروا اقدامات کی وجہ سے عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو اس نے اسکا غصہ بھی محکوم کشمیریوں پر نکالا اور انہیں مزید غیض و غضب کا نشانہ بنایا۔
غلام احمد گلزار نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گرتریس پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا قانونی کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی تباہ کن وبا جس نے پوری انسانیت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور تمام جنگی اخرات کو انسانیت کی بقا کی طرف موڈ دیا ہے کے پیش نظر بھی تمام تنازعات کو بین الاقوامی سطح پر حل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔