سرینگر (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی اچانک موت کے بعد کُل جماعتی حریت کانفرنس نے بڑا اعلان کرتے ہوئے مسرت عالم بھٹ کو نیا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے متحرک مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاسی اتحاد کُل جماعتی حریت کانفرنس نے 50 سالہ مسرت عالم بھٹ کو نیا چیئرمین مقرر کردیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق معروف کشمیری بزرگ رہنما اور کُل جماعتی حریت کانفرنس کے تاحیات چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کے بعد نئے چیئرمین کو مقرر کردیا گیا۔
سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کے بعد 7 ستمبر کو کُل جماعتی حریت کانفرنس کا اہم اجلاس ہوا، جس میں نئے چیئرمین سمیت وائس چیئرمین کا انتخاب بھی کیا گیا۔
اجلاس میں بھارتی جیل میں قید آزادی پسند رہنما 50 سالہ مسرت عالم بھٹ کو کُل جماعتی حریت کانفرنس کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا جبکہ شبیر احمد اور غلام احمد گلزار کو بیک وقت وائس چیئرمین کے عہدوں پر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، اجلاس کے دوران مولوی بشیر احمد عرفانی کے جنرل سیکریٹری کے طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران معروف بزرگ رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے جدوجہد کے لیے بڑا نقصان قرار دیا گیا۔
حریت رہنما اور جدوجہد آزادی کشمیر کے اہم ستون سید علی شاہ گیلانی یکم ستمبر کو 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
بھارتی جبر اور تسلط کے خلاف ڈٹے رہنے والے سید علی شاہ گیلانی گزشتہ 11 سال سے گھر میں نظر بند اور کئی ماہ سے علیل تھے۔
انہوں نے 1960 کی دہائی میں کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی تحریک شروع کی اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھارت سے علیحدگی کا بھی مطالبہ کیا، وہ 1962 کے بعد 10 سال تک جیل میں رہے اور اس کے بعد بھی اکثر انہیں ان کے گھر تک محدود کردیا جاتا تھا۔