سرینگر (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں اپنی پارٹی نے دفعہ 370 کی بحالی کے لیئے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر اپنی پارٹی ریاستی درجے کی بحالی کے علاوہ دفعہ 370 پر بھی بات کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق سرینگر میں پارٹی صدر دفتر پر منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کے جنرل سیکرپٹری رفیع احمد میر نے کہا کہ اپنی پارٹی دفعہ 370کے معاملے پر عوام میں انتشار کو ختم کرنے کے لیئے چاہے گی کہ اس معاملے پر بھارتی سپریم کورٹ میں جو معاملہ زیر سماعت ہے اُس میں سُرعت لائی جائے تاکہ یہ معاملہ صاف ہوجائے۔
واضح رہے کہ اپنی پارٹی ابھی تک یہ کہتی رہی ہے کہ دفعہ 370 پر جموں کشمیر کی سیاسی جماعتوں کا کوئی رول نہیں ہے کیونکہ اُن کے بقول یہ قانون پارلیمنٹ کا ہے اور اس کو پارلیمنٹ نے ہی ختم کیا ہے۔
پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کئی مرتبہ میڈیاکو بتایا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی اس معاملے کو لے کر عوام کا استحصال کررہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران اعلان کہا گیا کہ پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے لئے دہلی
جائیں گے، پارٹی جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کے ہر معاملے پر بات ہوگی۔
انہوں نے جموں کشمیر کے پشتنی باشندوں کے لئے نوکریوں اور زمین کے تحفظ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پارٹی نے یہ معاملہ پہلے بھی مرکزی سرکار کے ساتھ اُٹھایا ہے اور کچھ حد تک ان کے تحفظ پر کامیابی ملی ہے لیکن وہ چاہیں گے کہ اس کو مزید مستحکم کیا جائے۔
رفیع احمد میر نے 5 اگست 2019 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر جیسے ایک بے دست و پا یو ٹی بن گئی ہے اور ان حالات پر بھی بات کی جائے گی تاکہ عوام کو جمہوریت کی طاقت سے نوازا جائے۔