سچ خبریں: پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ارکان اسمبلی پر دباؤ ڈال کر وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ایم این ایز کی خریداری کے لیے بڑی بڑی آفرز دی جا رہی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئندہ جمعہ کو ملک گیر پُرامن احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عزم استحکام آپریشن کے بارے میں اسد قیصر کا بیان
انہوں نے کہا کہ اس احتجاج میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے اور بانی چیئرمین، بشریٰ بی بی اور دیگر اسیران کو ناحق جیلوں میں قید رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کارکنان اور سوشل میڈیا سے وابستہ لوگوں کو غیرقانونی طور پر اغوا کیا جا رہا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور میرا عوام سے پیغام ہے کہ اپنے حقوق کے لیے باہر نکلیں۔
مزید پڑھیں: اسد قیصر کا فارم 47 سے متعلق مطالبہ
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک طرف آگ اور خون کا کھیل کھیلا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف سیاسی جماعتوں پر کریک ڈاؤن ہو رہا ہے۔ اسد قیصر نے دوبارہ تاکید کی کہ ارکان قومی اسمبلی کی خریداری کے لیے بڑی بڑی آفرز دی جا رہی ہیں۔