اسلام آباد {سچ خبریں} وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے ڈسکہ امیدوار کو 20 پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کی درخواست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفافیت چاہتےہیں اس لئےسینیٹ الیکشن میں اوپن ووٹنگ کامطالبہ کیا۔
صوبہ پنجاب کے علاقے ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-75 پر ہوئے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سے 20 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کی درخواست دینے کا کہا ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ آزادانہ و شفاف انتخابات کے لیے جدوجہدکی ہے اور ہم ہمیشہ آزادانہ اور شفاف انتخابی عمل کی تقویت کے لیے کوشاں رہیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نےاپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ ڈسکہ سے قومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب لڑنے والے پی ٹی آئی امیدوار سے کہا ہے کہ 20 پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کی درخواست کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیشہ صاف اورشفاف انتخابات کیلئےجستجوکی ہے شفافیت چاہتےہیں اس لئےسینیٹ الیکشن میں اوپن ووٹنگ کامطالبہ کیا۔
وزیراعظم نے لکھا کہ اپوزیشن نےڈسکہ کےنتائج پر غیرضروری رونا دھونا مچایا ہوا ہے۔