اسلام آباد: (سچ خبریں) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں 47 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا ہے اور اب تک ایک پاکستانی شہری کی جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یونان کشتی حادثے سے متعلق پاکستانی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یونان کشتی حادثے میں 47 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا ہے اور اب تک ایک پاکستانی شہری کی جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کشتی پر سوار تمام لاپتا اور مرنے والے پاکستانیوں کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، پاکستانی سفارتخانہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرنے والے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے کے حکام ریسکیو ہونے والے پاکستانیوں سے ملاقات کے لیے پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے دفتر خارجہ میں ایک کرائسز مینجمنٹ سیل کو فعال کردیا گیا ہے اور متاثرہ خاندان دیے گئے نمبروں پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد کم از کم 5 تارکین وطن ڈوب کر ہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئے تھے، جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی شامل ہے۔
2023 میں یونان کے قریب بحیرہ روم میں تقریباً 400 پاکستانیوں سمیت 800 تارکین وطن پر مشتمل کشتی ڈوب گئی تھی، جن میں سے محض 104 افراد کو زندہ ریسکیو کیا جاسکا تھا۔