اسلام آباد (سچ خبریں)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کینیڈا واقعہ میں پاکستانی مسلم فیملی کے قتل کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں مسلم فیملی پر حملہ کھلی دہشت گردی اور دین اسلام سے ناواقفیت کا شاخسانہ ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کینیڈا میں مسلم فیملی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کینیڈا کی متاثرہ فیملی کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، مغرب اسلامو فوبیا کا شکار ہے، جس سے ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ہمیشہ اسلامو فوبیا کے خاتمے کی بات کی ہے، دنیا کو اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کا کہ وزیر اعظم نے عالمی برادری کو اسلامو فوبیا کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تعاون کی پیشکش کی ہے۔
حافظ طاہراشرفی نے کہا ہے کہ امید کرتے ہیں حکومت کینیڈا متاثرہ فیملی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی، توقع ہے حکومت کینیڈا آیندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے قتل پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کو دہشت گردی قرار دیا ان کا کہنا ہے کہ مغرب میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہورہا ہے ،کینیڈا میں قتل ہونے والے 5 پاکستانیوں کا گناہ مسلمان ہونا تھا میرے نزدیک یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔