اسلام آباد(سچ خبریں)ملک بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ جتنے مریض ہسپتالوں میں آر ہے ہیں اس سے کہیں زیادہ صحتیاب ہو کر واپس اپنے گھروں جاتے ہیں ،پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں اچانک کمی دیکھنے میں آئی، 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 4.96 فیصد ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 74 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 20 ہزار 251 ہوگئی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 552 ہوچکی ہے۔ملک میں صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 17 ہزار 681 ہوچکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 62 ہزار 61 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 27 لاکھ 79 ہزار 296 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 4.96 فیصد ہوگئی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 392 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔