اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ عمل در آمد کو یقینی بنانے سے کورونا کی تیسری لہر سے بچاجاسکتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس اپوزیشن کورونا کے قومی چیلنج کے دوران بھی منفی سیاست سے باز نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اڑھائی برس میں بلاامتیاز عوام کی خدمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کی منفی سیاست ختم ہوچکی ہے اور پی ڈی ایم بند گلی میں پھنس چکی ہے۔استعفوں کی ناکام سیاست کے بعد لانگ مارچ کی سیاست بھی ناکام رہی۔انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش کرنے والی پی ڈی ایم خود انتشار کا شکارہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ استعفوں پر ایک دوسرے کے دست و گریباں ہونے والے عناصر تنہا ہوچکے ہیں اب نہ گھر کے رہے اور نہ ہی گھاٹ کے جس کی وجہ سے اب وہ کسی کو منہ دکھانے کے لائق نہیں رہے۔پی ڈی ایم میں سب مفاد پرست جمع ہیں،ان کا کوئی ایجنڈا نہیں جو استعفوں پر آپس میں لڑ پڑیں وہ راہنمائی کے کیسے دعویدار ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج ہمیں کورونا وباء کا سامنا کرنے کے لئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، ہماری قوم نے اتحاد اور بھرپور عزم سے کٹھن چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری قوم نے اتحاد اور بھرپور عزم سے کٹھن چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا ، آج ہمیں اس وبا کا سامنا کرنے کے لیے بھی مضبوط رہنے کی ضرورت ہے ، انشاءﷲ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں بھی سرخرو ہوں گے ، آئیں ہم پاکستان کو قانون کی حکمرانی پر مبنی ریاست بنانے کا عہد کریں ، اللہ ہمیں تمام آزمائشوں کے دوران ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔