کوئٹہ(سچ خبریں) محکمہ تعلیم بلوچستان نے صوبے کے سرد علاقوں میں گرمیوں کی تعطیلات منسوخ کر دیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق سرد علاقوں میں گرمی کی کوئی چھٹی نہیں ہوگی جبکہ گرم علاقوں میں بھی تعطیلات کم کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے اسکولوں میں مختصر اور طویل دورانیہ کی تعطیلات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے سردعلاقوں میں موسم گرما کی مختصر تعطیلات منسوخ کردی ہیں۔محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے سرد علاقوں کے اسکولوں میں موسم گرما کی 21 سے31 اگست کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے گرم علاقوں میں اسکولوں کی طویل تعطیلات میں بھی 15 یوم کی کمی کی گئی ہے۔ گرم علاقوں میں سالانہ تعطیلات یکم جون سے31 جولائی تک ہوں گی۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کہا تھا کہ موسم گرما کی تعطیلات کا فیصلہ صوبے اپنے حساب سے کریں گے جس کے بعد بلوچستان نے موسم گرما کا اعلان کیا لیکن اب یوٹرن سامنے آیا ہے۔
واضح رہے عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں پوری دنیامیں تعلیمی نظام متاثرہوا ہے وہیں پاکستان میں بھی تعلیمی نظام متاثر رہا ہے اور بچوں کے تحفظ کے لئے کورونا وائرس میں تیزی آتے ہی تعطیلات کرنا پڑتی رہی ہیں۔