کراچی(سچ خبریں) کالعدم جماعت کے احتجاج جاری ہے جس کے نتیجہ میں ریلوے سسٹم کا بھٹہ بیٹھ گیا اور نظام درہم برہم ہو گیا ، مسلسل دوسرے روز کئی ٹرینیں منسوخ ہونے سے ادارے کو لاکھوں روپے نقصان ہورہا ہے۔ ٹرینیں منسوخ ہونے سے مسافروں کو ری فنڈ بھی کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق اندورن ملک سے کراچی پہنچنے والی ٹرینوں کی آمدورفت میں گیارہ گھنٹے تک کی تاخیر ہورہی ہے، جس کے باعث ریلوے کو ڈیزل کی مد میں زیادہ اخراجات کرنا پڑ رہے ہیں۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث خیبرمیل 8گھنٹے،بزنس ایکسپریس 2گھنٹےتاخیرسےپہنچیں گی، اسی طرح سرسید ایکسپریس 8گھنٹے،عوام ایکسپریس 11گھنٹےتاخیر سےکراچی آئیں گی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق گرین لائن ایک گھنٹے،کراچی ایکسپریس 2گھنٹے، ہزارہ ایکسپریس 6گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 3گھنٹےتاخیرسے کراچی پہنچیں گی جبکہ پاکستان ایکسپریس کو کراچی پہنچنے میں مزید گیارہ گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا ہے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز کے دوران ریلوے کو مسافر ٹرینیں منسوخ کرنے پر 49 لاکھ روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑرہا ہے، ٹرینیں منسوخ ہونے سے مسافروں کو ری فنڈ بھی کرنا پڑا۔حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھرنے کے احتجاجی مظاہرین کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کی وجہ سے آج 29 اکتوبر کو مزید ٹرینیں منسوخ ہونے کا امکان ہے۔