ڈیرہ اسماعیل خان: (سچ خبریں) خیبرپختونخواہ کے علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے ایک اور حملے میں اہلکار شہید ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے درابن چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، شہید اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک پولیس اہلکار عصمت اللہ اور شہری عبداللہ شہید ہوئے، جوابی فائرنگ سے ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جب کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ ٹانک روڈ پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چوکی پر خودکش حملے میں 4 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جہاں ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے تحصیل کلاچی میں کنوری پوسٹ کو نشانہ بنایا، دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی پوسٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار کے پیچھے آنے والے ایک رکشے میں دیگر مسلح افراد بھی حملہ آور ہوئے جنہوں نے سکیورٹی پوسٹ پر فائرنگ کردی لیکن سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد فرار وہاں سے ہوگئے، حملے کے فوری بعد ہتھلہ، کلاچی، ڈیرہ اسمٰعیل خان اور ٹانک سے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، زخمی سکیورٹی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ اس خودکش حملے میں بمبار کی جانب سے استعمال کی جانے والی گاڑی بنیادی طور پر خیبر پختونخواہ حکومت کے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کی تھی، دہشت گردوں نے 10 دسمبر کو ایک واردات میں یہ سرکاری گاڑی چھین لی تھی، چیک پوسٹ کے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔