ڈی آئی خان: (سچ خبریں) ڈیرہ اسمٰعیل خان کے قریب گھات لگائے ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں4 لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، فائرنگ کے بعدگاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔
میڈیا کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب کوئٹہ روڈ پر درابن گرڈ اسٹیشن کے سامنے این 50 پر نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔
لیویز فورس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچوں افراد کوڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں نشانہ بنایاگیا، اہلکار ٹرک کی چوری کے کیس کے سلسلےمیں ڈیرہ اسمٰعیل خان جا رہے تھے۔
لیویز فورس کے ذرائع نے مزید بتایا کہ چند روز قبل ضلع پشین کے علاقے خانوزئی سے چوری کیا گیا ٹرک ڈیرہ اسماعیل خان سے برآمد ہوا تھا، لیویز فورس کے اہلکار ٹرک لانے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈیرہ اسمٰعیل جارہے تھے، جاں بحق پانچواں شخص چوری ہونے والے ٹرک کا مالک تھا۔
جاں بحق اہلکاروں کی شناخت نور احمد، رشید زمان، داؤد خان اور بلال خان کے نام سے ہوئی، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے یکم فروری کی رات کو کارروائی کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی تھی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری آپریشن شروع کیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مٹی کے 18 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ قلات کے علاقے منگوچر میں ہونے والی کارروائی کے تناظر میں ہرنائی میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں مزید 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔