کراچی: (سچ خبریں) ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث دیگر کرنسیاں بھی سستی ہو گئیں۔اوپن مارکیٹ میں گذشتہ ایک ہفتے سے ڈالر کی قدر میں مسلسل گراوٹ کے باعث دیگر کرنسیوں پر اثر پڑا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران یورو 9 روپے سستا ہوا۔ یورو ایک ہفتے میں 324 روپے سے کم ہوکر 315 روپے میں فروخت ہوا۔علاوہ ازیں ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں پاونڈ 8 روپے سستا ہوا۔
جب کہ پاونڈ ایک ہفتے کے دوران 379 روپے سے کم ہوکر 371 روپے میں فروخت ہوا۔ سعودی ریال بھی ایک ہفتے میں 1 روپے سستا ہوا۔ سعودی ریال 79 روپے 70 روپے سے کم ہوکر 78 روپے 70 پیسے میں فروخت ہوا۔ اماراتی درہم 20 پیسے کمی کے بعد 83 روپے سے کم ہوکر 82روپے 80 پیسے میں فروخت ہوا۔آنے والے دنوں میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ڈا لر ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کا اگلا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ڈالر کی برآمدگی کیلئے ایف آئی اے اور حساس ادارے گھروں پر چھاپے ماریں گے،ایکسچینج کمپنیوں سے حاصل ڈیٹا کی مدد سے گھروں کی نشاندہی کر لی گئی،مستند اطلاعات ہیں کہ کریک ڈاؤن کے بعد مافیا نے گھروں میں ڈالر ذخیرہ کر رکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اداروں کے پاس غیر معلولی تعداد میں ڈالر لینے والوں کی فہرست بھی موجود ہے، ایف آئی اے اور حساس ادارے گھروں پر ٹارگٹڈ چھاپہ مار کارروائی کریں گے۔
مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن سے اب تک اوپن مارکیٹ میں ڈالر 31 روپے سستا ہو چکا ہے،یکم ستمبر کو ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 328 روپے پر پہنچ گیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ملک کی بڑی ایکسچینج کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم امجد نے کہا کہ ڈالر کی مارکیٹ میں آمد کئی گنا بڑھ گئی ہے،ریٹ جلد 250 روپے تک گر سکتا ہے۔