اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈالر مہنگا کرنے کے الزام میں 88 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن میں سے 47 گرفتار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، زیر حراست افراد ڈالر ذخیرہ کرنے اور اسے اسمگلنگ کرنے میں ملوث تھے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈالر ڈیل کرنے والی پاکستان کی 5 بڑی کمپنیوں کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 47 گرفتار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ملک میں فعال غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں 27 این جی اوز فعال ہیں جس میں سے 91 این جی اوز کی غیرملکی فنڈنگ کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ’ہم اس میں رکاوٹ نہیں ڈال رہے لیکن کچھ سلسلہ ضرور کرنے لگے ہیں‘۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر کے نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق امور پر بروقت تکمیل میں اسلام آباد انتظامیہ، فوج، رینجرز سمیت دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسنِ پاکستان کی موت کی تصدیق میں گھنٹہ تاخیر ہوئی کیونکہ اتوار کے روز رابطے میں دشواریاں پیدا ہوئی تھیں اور دفاتر بند تھے۔
انہوں نے اپوزیشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں میڈیا دیکھ رہا ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنے سیاسی فیصلوں میں خطے کی صورتحال کو مد نظر رکھے۔شیخ رشید نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم نے خطے کی صورتحال کو نظر انداز کیا تو نقصان ان ہی کا ہوگا۔