اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمت میں 5 یا 10 روپے نہیں بلکہ 43 روپے تک کمی آگئی ہے لیکن ہمارے میڈیا پر یہ خبر نہیں چلائی گئی ، اصل میں ہمارا میڈیا 24 گھنٹے صرف سازشوں اور غیر مستحکم ہونے کی نوید پر ہی چلتا ہے ، منفی میڈیا کا فیک نیوز کے ساتھ ربط ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہے اسی لئے نئے قوانین ضروری ہیں ۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے ، لانگ ‘ شارٹ یا کوئیک مارچ سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمان پے درپے ناکامیوں کے بعد اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں ، لانگ مارچ ہو ، شارٹ مارچ یا کوئیک مارچ ، ہمیں ان مارچوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ، پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے ، جس کا کام عوام کو صرف دھوکا دینا ہے ۔
ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات عمران خان یا تحریک انصاف کا ایجنڈا نہیں ہے یہ ایک قومی ایجنڈا ہے ، تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کے لئے آگے بڑھیں ، سیاسی نظام کی بہت بڑی کامیابی ہو گی اگر ایسا انتخابی نظام ترتیب دیا جائے جس کے تحت تمام قیادت انتخابی نتائج پر اعتماد کرے ۔