راولپنڈی: (سچ خبریں) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چور، کرپٹ شخص کی ’تاج پوشی‘ کیلئے تمام قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔
کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کی وجوہات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، 18ستمبر کو تین چینلز میں انٹرویو دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ اتنے بھوکے ہیں تو میں آپ کو ایسے کہ 9400 روپے دے دیتا، سپریم کورٹ نے صرف عمران خان کو نہیں بلکہ مجھے بھی صادق اور امین قرار دیا ہے میں اصلی اور نسلی ہوں اور رہوں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایک چور کرپٹ شخص کی تاج پوشی کے لیے تمام قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں مری کے کسی بھی ریسٹ ہاؤس میں نہیں ٹھہرا، جھوٹا الزام لگایا جا رہا ہے، 6 بار وزیر رہنے والے پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہےآر او کی جانب سے مجھے اب تک کوئی کاپی موصول نہیں ہوئی، صبح ہائیکورٹ جا رہے ہیں۔
انہوں نے نام لیے بغیر بظاہر نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ جس شخص کا ایئر پورٹ پر بائیو میٹرک ہوتا ہے وہ شیخ رشید کو نااہل کرنا چاہتا ہے۔
الیکشن سے متعلق سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا این اے 56اور 57سے قلم اور دوات کی فتح ہو گی۔