کراچی(سچ خبریں) قومی ایئرلائن(پی آئی اے) نے مالی سال 2020 کے نتائج جاری کردیے، پی آئی اے کی رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر اخراجات سال 2020 میں 5ارب 70 کروڑ روپے رہے جبکہ مالی سال2019 میں ایڈمنسٹریٹر اخراجات 6ارب 20 کروڑ روپے تھے، مالیاتی رپورٹ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمع کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 2020 کی مالیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کا خسارہ 52.6 ارب روپے سے کم ہوکر34.64 ارب رہ گیا، سال 2020 میں کورونا کی وجہ سے پی آئی اے کی آمدنی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، 31دسمبر 2020 کو ختم ہونے والے مالی سال میں آمدنی 94.98 ارب رہی۔
مالیاتی رپورٹ کے مطابق سال2019 میں پی آئی اے کی آمدنی 147ارب 50 کروڑ روپے تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایئرکرافٹ فیول کی خریداری میں بھی اخراجات میں کمی ہوئی، پی آئی اے نے سال 2020 میں ایئرکرافٹ فیول کی مدمیں 21.15 ارب خرچ کیے۔جبکہ 2019میں پی آئی اے نے ایئرکرافٹ فیول کی مد میں 50 ارب روپے خرچ کیے تھے۔
دوسری جانب چیف فلائٹ آپریشن کیپٹن ارشد خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں عملےکی ترقی وتربیت کا عمل جاری ہے، اہل پائلٹس کی اے ٹی آر سے اے320 پر ترقی کردی گئی۔کیپٹن ارشدخان نے بتایا کہ اے320کے پائلٹس کی بوئنگ777پر تعیناتی کا عمل بھی جاری ہے۔