لاہور (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق حکومت نے پنجاب میں ایک بار پھر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کی تیاری کرلی گئی، کامران افضل کو چیف سیکرٹری اورراؤ سردار کوآئی جی پنجاب بنائے جانے کا امکان ہے، وزیراعظم نے معاملہ کابینہ اجلاس میں رکھنے کی منظوری دے دی ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے بڑے انتظامی عہدوں پر تبدیلیاں کرنے کیلئے نئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی تعیناتی کیلئے پینل تیارکرلیا ہے۔
چیف سیکرٹری کے لیے کامران افضل ، احمد نواز، علی رضا کے نام شامل ہیں، اسی طرح نئے آئی جی پنجاب کیلئے راؤ سردار ، کیپٹن (ر) ظفراقبال، محسن حسن کے ناموں میں راؤ سردار کو تعینات کرنے کا امکان بتایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے معاملے کو کل کابینہ اجلاس میں رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ایک سے دو روز میں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں کے پولیس چیف اور اعلیٰ انتظامی افسران بھی تبدیل ہوں گے ، پنجاب کے اعلیٰ عہدوں پر وفاق سے تعیناتی کی جاتی رہی ہے لیکن اس بار وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کسی سے مشورے کے بغیر کیے گئے اپنے فیصلے سے وفاق کو آگاہ کردیا ہے۔
صوبہ پنجاب میں بھی بڑی سیاسی اور انتظامی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں متوقع طور پر 4 وزرا کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے، صوبائی وزیر لیبر عنصرمجید کا قلمدان تبدیل کیا جاسکتا ہے ، اس کے علاوہ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی وزارت کا قلمدان بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ وزیر ایکسائز حافظ ممتاز کی وزارت کے قلمدان کی تبدیلی بھی متوقع ہے، صوبائی وزیر پنجاب ملک نعمان لنگڑیال کی وزارت کے قلمدان میں بھی تبدلی ہوسکتی ہے۔