اسلام آباد (سچ خبریں) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان کشمیریوں کےلئے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا مسئلہ کشمیر، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، انہوں نے آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کو متحرک بنانے کے حوالے سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشوں کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔دوران ملاقات آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات سمیت اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
بیرسٹر سلطان محمود نے آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اب تک کی جانے والی تیاریوں اور پارٹی امور سے متعلقہ صورتحال سے وائس چیئرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشنز میں عمران خان کے نظریے پر کاربند اور اچھی شہرت کے حامل امیدواروں کو سامنے لائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ انشا اللہ آزاد کشمیر کے عوام پی ڈی ایم کے کرپٹ اور غیر فطری اتحاد کو مسترد کریں گے ۔بیرسٹر سلطان محمود نے کہاکہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف انشا اللہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی ۔
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ۔کشمیری بھائیوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور ان کے جائز حق، حق خودارادیت کے اصول تک، پاکستان ہر عالمی فورم پر، ان کیلئے واز بلند کرتا رہے گا ۔
وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی نے آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کو متحرک بنانے کے حوالے سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشوں کو سراہا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے سمیت اہم سفارتی کامیابیوں پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔