اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیر اعظم شہباز شریف نے فلسطین، غزہ اور لبنان کے شہریوں کے لیے سپورٹ کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستانی عوام سے اسرائیلی مظالم کے شکار مسلمانوں کی مدد کے لیے حکومت کے قائم کردہ ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔
میڈیا میں شائع سرکاری خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت فلسطین، غزہ اور لبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان جلد ہی فلسطین اور لبنان کے عوام کے لیے مزید 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا اور ادویات بھیجے گا۔
انہوں نے فلسطین اور لبنان کے پڑوسی ممالک میں پاکستانی سفارتکاروں سے خیموں اور کمبل کی مطلوبہ تعداد سے متعلق رپورٹ طلب کی، انہوں نے پاکستانی سفارتکاروں کو امدادی سامان کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے قائم کردہ ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں، مزید کہا کہ پاکستان اور بیرونی ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے عطیات بینک اکاؤنٹ ’آئی بی اے این‘ نمبر : PK 11SBPD0000001111114292 اور راست آئی ڈی: 01111114292 پر بھیج سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے اسرائیل کی جانب سے امدادی کاموں میں حائل رکاوٹوں کی مذمت کی اور حکومت کی امدادی کاوشوں میں تعاون کرنے والی این جی اوز کی تعریف کی، مزید کہا کہ حکومت امدادی سامان کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور انہوں نے متعلقہ حکام کو فائر پروف خیمے بھیجنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے اجلاس کے دوران بڑھتی ہوائے اسرائیلی مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی نسل کشی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کے کردار پر زور دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک 12 کارگو 6 چارٹرڈ، تین پاک فضائیہ کی خصوصی پروازوں اور تین سمندری راستوں سے فلسطین روانہ کیے جا چکے ہیں، جن میں 3 ہزار 145 خیمے، 12 ہزار 625 کمبل، کھانے پینے کی اشیا اور ادویات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل جلد ہی تین پروازوں کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ فلسطینی میڈیکل اسٹوڈنٹس کے دو گروپ لاہور اور اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ فلسطینی طالب علموں کے لیے دیگر شعبوں میں بھی تعلیم حاصل کرنے کے انتظامات کریں۔
غزہ سے تعلق رکھنے والے 11 فلسطینی طالب علموں کا ایک اور گروپ قاہرہ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوا ہے، قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے نے ان کی روانگی کے انتظامات میں مدد کی۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ اور عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین، این ڈی ایم اے اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔