اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ٹی ایل پی اور حکومت کا مقصد اور مطالبہ ایک ہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اپنے خطاب میں صورتحال واضح کرچکا ہوں صرف طریقہ کار پر اختلاف ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد کا متن پیش کیا گیا، عمران خان نے کہا ٹی ایل پی اور حکومت کا مقصد اور مطالبہ ایک ہی ہے۔اجلاس میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے اراکین شریک ہوئے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد کا متن پیش کیا گیا اور قرار داد کا متن تمام ارکان کےسامنے پڑھ کر سنایا گیا ۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی سفیر ملک بدر کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے رائے لی گئی ہے ، فرانسیسی سفیر کو کیوں نہ ملک بدر کیاجائے۔
قرارداد میں مذہبی معاملات پر احتجاج کیلئے ملک کے مختلف مقامات پر جگہ فراہم کرنے کی بھی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سڑکوں کی بندش کے بجائے احتجاج کیلئے مخصوص مقامات کا تعین کیاجائے۔دوران اجلاس ارکان نے گفتگو میں کہا کہ فرانسیسی صدر میکرون کو صرف دو لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا ، ان 2لوگوں میں ایک وزیراعظم عمران خان اوردوسرے ترک صدر تھے۔
وزیرداخلہ اور وزیر مذہبی امور نے پارلیمانی پارٹی کو مذاکرات پربریفنگ دیتے ہوئے کہا معاہدے کے مطابق حکومت قرارداد پیش کرنےجارہی ہے، تحریک لبیک پر پابندی ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، تحریک لبیک کالعدم اور پابندی برقرار رہے گی اور ٹی ایل پی کارکنان پر قتل کے مقدمات واپس نہیں لیے جارہے۔