اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر شبلی فراز نے ای وی ایم مشین ہیک کرنے والے کے لیے انعامی رقم بڑھا کر شرط بھی رکھ دی۔انہوں نے صحافی عبدالقادر سے گفتگو کرتے ہوئے ووٹنگ مشین ہیک کرنے والے کیلئے دلچسپ پیشکش کی۔شبلی فراز نے کہا کہ مشین ہیک ہو گئی تو 10 کی بجائے 15 لاکھ روپے نقد انعام ملے گا، لیکن شرط یہ ہے کہ نہ کر سکا تو 1 لاکھ روپے جرمانہ دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چار ماہ سے پوری کوشش کی کہ ووٹنگ مشین سے متعلق سب کو بتائیں۔ایک بار یہ فائنل ہوگئی تو پھر اس سے متعلق لوگوں کو آگاہی دی جائے گی تاکہ انہیں علم ہو سکے کہ اس کا انٹرنیٹ یا بلو ٹوتھ سے کوئی تعلق نہیں۔ووٹنگ مشین پر آنے والے اخراجات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا باہر سے مشینیں منگوائیں گے تو مہنگی پڑیں گی۔
جو مشین ہماری سرپرستی میں بنی ہے وہ 70 ہزار روپے تک بنے گی جس پر 300 سے 400 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔جب یہ سلسلہ شروع ہوا تو کوئی نہیں مان رہا تھا کہ یہ قانون پاس ہو گا لیکن جب ملک کی بھلائی کے لیے کوئی کام کریں تو پھر اللہ بھی آپ کی مدد کرے گا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پر ہر پارٹی کا اختیار ہوتا ہے اپنے خیالات کا اظہار کرے، اپوزیشن کو ای وی ایم پر ہر سطح پر تسلی کروانے کی کوشش کروائی گئی، لیکن اپوزیشن نے مخالف برائے مخالفت کا رویہ اپنایا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے محدود وسائل میں مشین بنائی ہے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون بھی پاس کروا لیا ہے، ہمارے اتحادیوں کو بھی ای وی ایم پر تحفظات تھے جن کو ہم نے دور کیا۔ اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ لوگ جس طرح سے الیکشن کرواتے رہے ہیں یہ ویسا ہی طریقہ کار چاہتے ہیں۔ انہوں نے شروع ہی سے طے کیا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مخالفت کرنی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا تھا ، جس میں پارلمنٹ نے انتخابی اصلاحات دوسرا ترمیمی بل 2021ء منظور کر لیا۔ مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر رائے شماری کے لیے ترمیمی بل ایوان اور الیکشن ایکٹ دوسرا ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کیا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کر لیا۔اوور سیز پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹنگ کا حق اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔