لاہور(سچ خبریں) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا کے نئے ویرینٹ کی اطلاعات پر کہا ہے کہ تفصیلی علم نہیں ہے لیکن حکومت تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتی ہے امتحانات مقررہ وقت پر اور مکمل نصاب کےساتھ ہوں گے چھٹیوں سے ہمیشہ اسموگ کم ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے بارے میں تفصیلی علم نہیں لیکن تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات مقررہ وقت پر اور مکمل نصاب کےساتھ ہوں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم نے پنجاب میں اسموگ کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں دی جانے والی چھٹیوں سے متعلق بھی بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں 3 دن کی چھٹیوں سے اسموگ میں کمی آئے گی، چھٹیوں سے ہمیشہ اسموگ کم ہوا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون نے دنیا میں پنجے گاڑنا شروع کردیے ہیں ، ڈیلٹا ویرینٹ سے دُگنی رفتار سے پھیلنے والے اس وائرس نے کئی ملکوں کو خوف زدہ کر دیا ہے۔ جنوبی افریقا سے سر اٹھانے والا وائرس برطانیہ، جرمنی، بیلجیئم، اٹلی اور چیک ری پبلک کے بعد آسٹریلیا پہنچ گیا ہے۔