اسلام آباد (سچ خبریں) وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 2 روزہ دورے پر کراچی روانہ ہوگئے ہیں۔گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے وزیر داخلہ کو امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے لیے سندھ کا دورہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے آج کراچی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ہم کراچی جا رہے ہیں اور کل سب لوگوں سے ملاقات ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کا جائزہ لینے کے لیے جارہا ہوں اور مشن صرف امن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں میری اہم ملاقاتیں طے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات ہو گی اور رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کروں گا۔
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ کراچی سے واپسی پر وزیر اعظم کو امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ پیش کروں۔دوسری جانب وزیر داخلہ نے امن وامان کی صورتحال پر کراچی میں آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
وزیر داخلہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ہوگا جس میں وہ کراچی اور سندھ میں امن و امان سے متعلق اہم فیصلے کریں گے۔
شیخ رشید نے کل صبح 10 بجے کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات طے ہے جس میں صوبے میں امن وامان اور وفاق سے جڑے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیرداخلہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد دوپہر ایک بجے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی ون آن ون ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو صوبہ سندھ کا دورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام سے ملاقات کرکے صوبے میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے حکمت عملی ترتیب دیں۔وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی گئی تھیوہ واپس آکر وزیراعظم کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے وزیر اعظم سے صوبے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی تھی جس کے بعد وزیر داخلہ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سکھر کے رہنما سید طاہر شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب تو یہ حالات پیدا ہوچکے ہیں کہ سندھ میں پولیس کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پڑرہی ہے، سندھ پولیس اگر اپنی حفاظت نہیں کرسکتی تو باقی شہریوں کی حفاظت کیسے کرے گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ شکارپور کا علاقہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے، اب وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے رینجرز سے آپریشن کرائے تاکہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے کیونکہ پولیس وہاں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔