لاہور(سچ خبریں) وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں وزیر اعظم نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے متعلق گورنر پنجاب کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اپنے دورہ یورپ پر بریفنگ دی جہاں انہوں نے اعلی حکام سے ملاقات کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کو دورہ یورپ پر بریفنگ دی۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس میں توسیع کے لیے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں، یورپی پارلیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت 30 ای یو ارکان سے ملاقات ہوئی۔ برسلز، ہنگری اور اٹلی میں بھی اہم ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ انشا اللہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کا فیصلہ حق میں آئے گا، یورپی پارلیمنٹ اراکین امن کے لیے پاکستان کے کردار کے معترف ہیں۔ ای یو پارلیمنٹ نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کے لیے بھی پاکستانی کردار کو یورپ میں سراہا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیر اعظم نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے متعلق گورنر پنجاب کے کردار کو سراہا، ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔