اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ عمران خان ماضی کے وزرائے اعظم کی طرح نہیں ہیں عمران خان ویسےنہیں جوتحائف اپنےساتھ گھرلےجائیں۔عمران خان کوجو بھی تحائف ملے ہیں توشہ خانے میں جمع کروائے، تمام ریکارڈ اپ ڈیٹ ہے ایک روپے کی چیز غائب نہیں ہوئی۔
معاون خصوصی شہباز گل نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد تحائف سے متعلق تفصیلات پبلک کردی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے وزیراعظم عمران خان ایماندار شخص ہیں ہماری حکومت میں ایک تحفہ بھی ایسا نہیں جوتوشہ خانےمیں جمع نہ ہو۔
شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کوجوبھی تحائف ملے سب جمع کروائےگئے ۔ وزیراعظم عمران خان ماضی کے وزرائے اعظم کی طرح نہیں ہیں عمران خان ویسے نہیں جوتحائف اپنے ساتھ گھرلے جائیں۔پاکستان تحریک انصاف شفافیت پریقین رکھتی ہے وزیراعظم ٹرانسپیرنسی پریقین ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سے برادرممالک ہیں جوتحائف کوپبلک کرنا بدتمیزی سمجھتے ہیں، ماضی میں قیمتی ہار اور گاڑیاں غائب ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے ہا کہ خاتون اول کا ہار آیا توشہ خانے میں جمع نہیں ہوا اور چوری ہوگیا اب توشہ خانہ کا ریکارڈ اپ ڈیٹ ہے ایک روپےکی چیز بھی غائب نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ حکومت، وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات بتانے سے گریزاں ہے۔
تاہم دو روز قبل کابینہ ڈویژن نے پاکستان انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) کے اس حکم کو چیلنج کیا جس میں اگست 2018ء سے وزیراعظم عمران خان کو پیش کیے گئے تحائف کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی ڈویژن نے یہ دعویٰ کیا کہ توشہ خانہ سے متعلق کوئی بھی معلومات ظاہر کرنے سے بین الاقوامی تعلقات خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔