اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے مسیحی برادری کو مذہبی تہوار کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسیحی شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش پوری انسانیت اور دنیا کے لیے امن، بھائی چارے، رواداری اور عقیدت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ “اپنے تمام مسیحی شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں”۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات ہمیں عالمگیر محبت، بھائی چارے، رواداری اور کا سبق سکھاتی ہیں جو کسی بھی معاشرے کی ترقی کا باعث بنتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش پوری انسانیت اور دنیا کے لیے امن، بھائی چارے، رواداری اور عقیدت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے دفاع، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کے شعبوں میں مسیحی برادری کی مخلصانہ اور گراں قدر خدمات ہمیشہ قابل تحسین رہی ہیں، ریاست کے مساوی شہری ہونے کے ناطے حکومت انہیں قومی ترقی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا اختیار دے گی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پالیسیاں تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی اور اتفاق پیدا کرنے کے لیے تیار کی گئی ہیں، حکومت اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کو اپنا فرض سمجھتی ہے تاکہ وہ معاشرے میں فعال شہری کے طور پر اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کرسکیں اور اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد کریں۔