اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے صدارتی انتخابات میں ایک کروڑ 78 لاکھ ووٹ لے کر فاتح قرار پانے والے ایران کے جج ابراہیم رئیسی کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مزید پختگی کا اظہار کیا ہے۔
ایران میں جمعے کے روز 13 صدر کے چناؤ کے لیے صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ایران کے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے پولنگ کا وقت ختم ہوا، جس کے بعد ووٹنگ کی گنتی کا عمل مکمل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ابراہیم رئیسی ایک کروڑ 78 لاکھ ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جبکہ اُن کے مقابل امیدوار محسن رضائی 33 لاکھ اور عبد الناصر ہمتی 24 لاکھ ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ ابرہیم رئیسی نے 62 فیصد، محسن رضائی گیارہ اور عبدالناصر ہمتی 8 فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہفتے کو صدارتی انتخاب میں فتح حاصل کرنے والے ایران کے نو منتخب صدر کو فتح حاصل کرنے پر دل کی اتہہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران کےتیرہویں صدارتی انتخابات میں تاریخی فتح سمیٹنے پر میں عزت مآب برادر ابراہیم رئیسی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔ انہوں نے لکھا کہ ’دونوں ممالک کےمابین برادرانہ تعلقات میں مزید پختگی، علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کےحصول کیلئے بطور وزیراعظم ان کےساتھ مل کر کام کرنےکا خواہاں ہوں‘۔
دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی ابراہیم رئیسی کو ایران کا 13واں صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ اپنے تہنیتی پیغام میں اُن کا کہنا تھا کہ ’نئے صدر کے انتخاب کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی اور رشتہ مزید مضبوط ہوگا‘۔اردوان نے نئے ایرانی صدر کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ترک صدر نے کرونا وبا تھمتے ہی ایران کے دورے کا اعلان بھی کیا۔