اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد ابوظہبی میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے کورونا ویکسین کی تیاری اور شعبہ آئی ٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے اعلیٰ سطح رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیراعظم عمران خان نے مختلف شعبوں میں ابوظہبی کے تعاون کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے کورونا ویکسین کی تیاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم کرنے اور اعلیٰ سطح رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں دیرپا امن کے لیے سیاسی جماعتوں کے مابین پیشرفت پر زور دیا۔