وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون مضبوط بنانے کا عزم

?️

اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے عزم کو سراہا، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔

فریقین نے علاقائی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ابھرتی علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے کے سیاسی منظر نامے پر بھی بات چیت کی۔

انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم اور ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی رہنمائی میں پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور جوائنٹ ٹاسک فورس برائے اقتصادی مصروفیات کے سربراہ محمد التویجری نے بھی ملاقات کی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دونوں سعودی عہدیداروں سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، پاکستان میں مزید سعودی سرمایہ کاری لانے اور اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے سعودی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی اسٹریٹجک پوزیشن اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کیا، انہوں نے توانائی، انفرا اسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کی وسیع صلاحیت پر زور دیتے ہوئے سعودی کاروباری اداروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

سعودی وزیر خالد الفالح اور ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تیز کرنے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، دونوں فریقین نے منظم مصروفیات اور مشترکہ منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کے ذریعے پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

اس دوران وزیر اعظم کی معاونت کے لیے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور نیشنل کوآرڈینیٹر SIFC لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد موجود تھے۔

سعودی وفد میں سعودی وزارت سرمایہ کاری اور سعودی عرب اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعلقات کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کے نمائندے شامل تھے۔

مشہور خبریں۔

سعودی عرب میں 6 ایرانیوں کو پھانسی دینے کا اعلان

?️ 2 جنوری 2025سچ خبریں: سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بدھ کے روز دعویٰ کیا

حکمران اپنی مرضی کرتے ہیں اور عوام کی امیدوں سے دور ہوتے ہیں تو پورا نظام گر جاتا ہے، بلاول بھٹو

?️ 23 جنوری 2025اسلام آباد: (سچ خبریں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا

ہنگری میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے

?️ 20 نومبر 2022سچ خبریں:ہنگری کے طلباء اور اساتذہ کے ایک گروپ نے اس ملک

ایران اور امریکہ کے درمیان پائیدار جوہری معاہدے کی راہ میں تین بڑی رکاوٹیں  

?️ 30 اپریل 2025 سچ خبریں:ایران اور امریکہ کے درمیان پائیدار جوہری معاہدے کی راہ

عراقی جمعیت علمائے اہلسنت کا الحشد الشعبی کے بارے میں اہم بیان

?️ 27 جون 2021سچ خبریں:عراقی جمعیت علمائے اہلسنت کے سربراہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں

عطاء تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر اتوار کو قومی سلامتی بارے اہم بریفنگ دیں گے

?️ 3 مئی 2025اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ

ریپبلکن پارٹی سے ٹرمپ کو ایک اور دھچکا

?️ 24 جولائی 2022سچ خبریں:ایک سروے کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی ایوان

یمن کے لوگ ہتھیار ڈالنا نہیں جانتے

?️ 23 جنوری 2024سچ خبریں:یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے