لاہور: (سچ خبریں) سینئر لیگی قیادت نے پارٹی قائد نواز شریف کو جلد وطن واپس آکر پارٹی کمان سنبھالنے کا مشورہ دیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نوازشریف اور مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق رابطے میں پنجاب میں حکومت ختم ہونے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔مسلم لیگ ن کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینئر قیادت نے میاں محمد نواز شریف کو جلد وطن واپس آکر پارٹی کمان سنبھالنے کا مشورہ دیا۔رابطے کے دوران مسلم لیگ ن کے وفاقی وزراء کی کارگردگی کا بھی جائزہ لیا گیا،بدترین معاشی حالات اور مہنگائی کی وجہ سے ن لیگ کا ووٹ متاثر ہوا۔نوازشریف نے سینئر قیادت کو عہدیداران اور کارکنوں سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔
گذشتہ ہفتے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ، اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان قومی اسمبلی تحلیل نہ کرنے پر اتفاق پایا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لندن میں ٹیلیفونک رابطہ کیا ، سپریم کورٹ کی جانب سے فل کورٹ بنانے کی درخواستیں مسترد کرنے پر تفصیلی مشاورت کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کی سماعت کے بائیکاٹ پر بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس کی کارروائی سے آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں کی عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کیلئے تحریری بیان جاری کرنے پر بھی مشاورت ہوئی جب کہ فضل الرحمان اور میاں محمد نواز شریف نے قومی اسمبلی تحلیل نہ کرنے پر اتفاق کیا۔۔