اسلام آباد (سچ خبریں) وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کانفرنس کے موقع پر اسلام آباد میں تین دن موبائل فون سروس بند رکھنے کے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہاہے کہ موبائل سروس بند کرنے کا تعین آج کیا جائے گا مشاورت ابھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزرائے خارجہ کانفرنس پر اسلام آباد میں موبائل سروس بند کرنے کا تعین جمعہ کو کیا جائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ موبائل سروس بند کرنے سے متعلق مشاورت ابھی تک جاری ہے، مکمل مشاورت کے بعد موبائل سروس بندش کے اوقات اور ایام کا فیصلہ آج ہوگا۔وزارت داخلہ نے پہلے 17 دسمبر تا 19 دسمبر موبائل فون سروس بند رکھنے کا بیان جاری کیا تھا۔
قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد میں کل سے 3 روز کے لیے موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔او آئی سی وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہونے جا رہا ہے جس کے باعث شہر میں تین دن کے لیے موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق 17 ، 18,19 دسمبر کو اسلام آباد میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔
وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو موبائل فون سروس بند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔وزارت خارجہ نے 20 دسمبر کو اسلام آباد میں عام تعطیل کی سفارش کر دی۔چھٹی کا مقصد وی آئی پی موومنٹ کے دوران سیکیورٹی ممکن بنانا ہے۔قبل ازیں گذشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
اجلاس کے حوالے سے وزارتِ خارجہ میں، سیکرٹری خارجہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی گئی ۔ افغانستان کے حوالے سے منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے وزرائے خارجہ و دیگر معزز مہمانوں کے پر تپاک استقبال کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں اہم مقامات پر مہمانوں کے خیر مقدم کیلئے بل بورڈز نصب کیے جائیں گے۔او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے 19 دسمبر کو ہونے والے اجلاس کی وجہ سے 20 دسمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔