اسلام آباد: (سچ خبریں) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔مریم نواز کے ساتھ نہیں چل سکتا۔
بچوں کے پیچھے ہاتھ جوڑ کر کھڑا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے نیا بٹ چاکرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 2018 کے انتخابات میں کیا ہوا اس کی وجہ کچھ اور تھی پھر کبھی بتاؤنگا۔
ن لیگ نے ٹکٹ نہیں دیا اس پر پھر کبھی بات کروں گا۔نواز شریف کا بے نظیر کے خلاف بیانیہ تھا کہ عورت حکمران نہیں بن سکتی وہ بیانیہ نواز شریف کی بیٹی پر لاگو کیوں نہیں۔چوہدری نثار نے کہا اب بھی سیاست سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں۔اگر کوئی سمجھتا ہے کہ بوڑھا ہو گیا ہوں تو دوڑ لگا کر دیکھ لے۔اگر میں ریٹائر ہوا تو میری سیٹ پر میرا بیٹا آئے گا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ ملک انتہائی نازک موڑ پر رہے اور ہم ایک دوسرے کے گریبان پکڑ رہے ہیں۔سیاست میں گالم گلوچ عام ہو گئی ہے،کھائی کے بالکل کنارے پر پہنچ گئے ہیں۔جو لوگ آج مشرف کا جھنڈا اٹھا رہے ہیں، پہلے بینظیر کے نعرے لگاتے تھے۔بعد میں یہ مشرف کے ہو گئے اور آج عمران خان کے ساتھ ہیں۔ عوام کی خدمت میری سیاست کا مرکز و محور ہے ، پہلے بھی عوام کے ووٹ کی طاقت اور اللہ کے خصوصی کرم کی بدولت الیکشن جیتا ،آئندہ بھی عوام کی محبت اور ووٹ کی طاقت سے جیت کر عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھوں گا ،آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا ، میدان سے بھاگنے والا نہیں ،میدان میں کھڑا رہوں گا ، الیکشن ایک ماہ بعد ہوں یا ایک سال بعد ،انتخابات میں حصہ لوں گا ،میں اب بھی اپنے بیانیے پر قائم ہوں اور ہمیشہ قائم رہوں گا ، عمران خان سے پچاس سالہ پرانی دوستی ہے ،لیکن دوستی کی خاطر پی ٹی آئی میں شامل ہوکر اس جماعت کے خلاف بات نہیں کرسکتا جس کی میں نے آبیاری کی ، کبھی انتقام کی سیاست نہیں کی ،عوام کی محبت کا ہمیشہ مقروض رہوں گا ۔