پشاور(سچ خبریں) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں قدرتی آفت نے نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے ، طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، اس دوران آسمانی بجلی گرنے سے پانچ مکانات زمین بوس ہوگئے اور چودہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت گیارہ لاشیں نکال لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے تورغر میں قدرتی آفت نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے گیارہ لاشیں نکال لیں جبکہ دیگر تین کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایم پی اے محمد خان، ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
آسمانی بجلی نے پانچ گھروں کو صفحہ ہستی سے مٹادیا، خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد لقمہ اجل بنے، پہاڑوں پر قائم گھروں اور پتھریلے علاقوں سے اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت گیارہ لاشیں نکال لی ہیں۔حادثہ کی خبر اے آر وائی پر نشر ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے مشینری اور امدادی ٹیموں کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت4.3 جبکہ گہرائی143کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کاپہاڑی سلسلہ تھا۔ شہریوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔