اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دستخط کے بعد ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کام جاری رکھیں گے، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کورکمانڈر پشاور کا عہدہ سنبھال لیں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی علیحدگی میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات بنی گالا میں وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ پر ہوئی، ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پربات چیت کی گئی، بعدازاں ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شامل ہوگئے۔
مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس بھی ہوا۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سیاسی حکام کی شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیکیورٹی اورقومی سلامتی کا جائزہ لیا گیا، وزیرداخلہ نے ملکی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں کالعدم جماعت سے متعلق بھی اہم فیصلوں پر مشاورت کی گئی۔