اسلام آباد(سچ خبریں) قومی اسمبلی کا چوتھا پارلیمانی سال شروع ہوتے ہی اکثر ارکان کو اب اپنے حلقوں کی فکر ہونے لگی ہے اور عوام کے منتخب نمائندے اب ایوان کی بجائے حلقوں میں زیادہ نظر آنے لگے ہیں ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں کورم کی بڑی وجہ ارکان کی پارلیمان کی بجائے آبائی حلقوں میں موجودگی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چوتھے پارلیمانی سال کے شروع ہوتے ہی ارکان اسمبلی اگلے الیکشن کی تیاری میں لگ گئےہیں، ارکان کی بڑی تعداد سیاسی تقاریب کے علاوہ سماجی پروگراموں شریک ہونے لگی ہے، اور حلقہ عوام کے مسائل، فاتحہ خوانی اور شادی کی تقریبات میں شرکت اب ارکان کی ترجیح بن گئی ہے جس کے باعث قومی اسمبلی میں حکومت کو مطلوبہ تعداد میں کارروائی چلانے میں دشواری کا سامنا ہے، حکومتی چیف وہیپ مسلسل پی ٹی آئی سمیت اتحادی ارکان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطوں میں مصروف ہے۔
ذرائع کے مطابق دو روز کے بعد آج پھر شام کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا۔ گزشتہ پورا ہفتہ حکومت کورم مکمل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، کورم کم ہونے کے باعث حکومت و اپوزیشن میں طے پانے والی پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تحریک بھی پیش نہیں ہوسکی۔