نیویارک( سچ خبریں)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ غزہ میں بین الاقوامی پروٹیکشن فورس تعینات کی جائے، اگر سکیورٹی کونسل پروٹیکشن فورس پر اتفاق نہ کرے تو مانیٹرنگ کیلئے سویلین مبصر تعینات کیے جائیں آج اقوام عالم ایک اہم نکتے پر کھڑی ہیں، اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر دی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو فوری طور پرغزہ کےلیے امدادی سامان کو یقینی بنانا چاہیے اور مصرکوسرحد کھولنی چاہیے، پاکستان غزہ کےبحران پر عالمی کانفرنس بلانے کے صدر محمود عباس کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے، اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی بربریت پر واضح اور ٹھوس مؤقف اختیار کرے ،اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ عالمی برادری کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ غرور اور تکبر سے بھرے اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا جائے اور مقبوضہ علاقوں کو خالی کرایا جائے،غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بھی یقینی بنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ غیر قانونی قابض اسرائیل اور نہتے فلسطینیوں کے درمیان ہے، ایک طرف جدید ترین قابض فوج ہے،دوسری طرف نہتے فلسطینی ہیں، آج ہم انسانی ہمدردی کے ناطے کچھ کرتے ہیں یا نہیں کرتے یہ تاریخ کا حصہ ہوگا، وقت آگیا ہے اب اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں،پاکستان مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔