اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے سری لنکن صدر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن صدر کو سیالکوٹ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن صدر کو آگاہ کیا کہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
سری لنکن صدر کو پاکستانی قوم کے غم وغصے اور احساس ندامت سے بھی آگاہ کیا۔ سری لنکن صدر کو بتایا کہ واقعے میں ملوث 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ واضح رہے سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ یقین ہے عمران خان ذمہ اروں کوکٹہرے میں لائیں گے۔
سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے لکھا کہ سری لنکن منیجر کے پاکستان میں قتل پر صدمے میں ہوں، میری ہمدردی سری لنکن منیجر کے اہلخانہ کیساتھ ہے۔وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور اس کیعوام کو وزیراعظم عمران پر یقین ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ عمران خان ذمے داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں، کوئی غلطی نہیں ہوگی، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ کے علاقے وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمارکو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کر کے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے لاش کو جلا دیا ۔