لاہور(سچ خبریں) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب میں مختلف ہسپتالوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور دیگر پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا او ر متعددبڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب بھر میں نئے کالج، یونیورسٹیاں اور ہسپتال سولر توانائی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے کالجزاور یونیورسٹیاں وغیرہ سولر انرجی پر منتقل کرنے سے 45فیصد تک بچت ممکن ہوگی۔
حافظ آباد میں نیا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال 8 ارب روپے کی لاگت سے بنایا جائے گا۔ ضلع خوشاب تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ 25 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ ہوگا۔ضلع فیصل آباد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جڑانوالہ 40 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔
ضلع بہاولپورآر ایچ سی اوچ شریف کو 60 بیڈ کا ہسپتال بنایا جائے گا۔ضلع قصورتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پتوکی کی اپ گریڈیشن اور ٹراما سنٹر کے قیام کی منظوری، 21 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ضلع قصورچونیاں ہسپتال میں 13 کروڑ روپے کی لاگت سے سرجری وارڈ بنایا جائے گا۔ضلع گجرات لالہ موسی ہسپتال میں 7 کروڑ روپے کی لاگت سے ایمرجنسی وارڈ بنے گا۔ضلع گجرات تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں 19 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ ہوگا۔
ضلع گوجرانوالہ منچن آباد کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر 37 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے دورہ فیصل آباد کے دوران ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت14ارب روپے کے 22ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیاگیا۔منصوبوں کو عملی شکل پہنانے کا آغاز کردیاگیا اورفوری طورپر فیصل آباد کی 8 سڑکوں کیلئے ایک ارب روپے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں اہل بلوچستان کیلئے خیر سگالی کے تحفے کے طورپر بارکھان اور چاغی میں ڈسپنسریاں بنانے کے منصوبوں کی اصولی منظوری دی گئی۔حکومت پنجاب کی طرف سے خیر سگالی کے طورپر 4کروڑ روپے سے بلوچستان میں دو ڈسپنسریاں تعمیر کی جائیں گی۔
اجلاس میں بتایاگیا کہ تربت میں حکومت پنجاب جنرل ہسپتال بنائے گی۔تربت ہسپتال کیلئے حکومت پنجاب 740ملین خرچ کریگی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری سپیشلائزڈ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔