مظفر اباد(سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالقیوم نیازی آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔عبد القیوم نیازی نے آزاد جموں و کشمیر کی نئی بننے والی قانون ساز اسمبلی میں 33 ووٹ حاصل کیے جبکہ مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 15 ووٹ حاصل کیے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عبدالقیوم نیازی کو آزاد جموں و کشمیر کا اگلا وزیر اعظم نامزد کردیا ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ‘طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نومنتخب ایم ایل اے جناب عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے’۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا کے لیے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے کہا کہ عبدالقیوم نیازی سرحدی علاقے عباس پور، پونچ سے آزاد کشمیر کے قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری بھی ہیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ اور ہفتے کو آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے 7 اُمیدواروں کے انٹرویو کیے تھے۔
وزیر اعظم نے ان سے مستقبل کی حکمت عملی، ماحولیات، سیاحت اور قومی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں خیالات سمیت مختلف سوالات کیے تھے۔
ایک ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران نے اس حقیقت پر برہمی کا اظہار کیا تھا کہ ان سے مختلف حلقوں کی طرف سے رابطہ کیا جا رہا ہے جو مخصوص امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
عبدالقیوم نیازی، جنہوں نے حالیہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں ایل اے 18 کی نشست سے فتح حاصل کی تھی، اس سے قبل وزیر اعظم کے انتخاب میں شامل نہیں تھے تاہم ان کا نام اچانک منظر عام پر آیا۔
واضح رہے کہ سردارعبدالقیوم خان نیازی نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کیا اور آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔وہ 2011 تک بطور وزیر خوراک ،جنگلات ،جیل خانہ جات و ریویو رہے۔انہوں نے 2016 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔